ٹسٹ کرکٹ میں بہترین پرفارمنس ، آئی سی سی کا ‘گرز’ مصباح کے حوالے

Sat 24th Sep, 2016 Author: Cricketnmore Editorial

Misbah-ul-haq

لاہور22/ستمبر(ایجنسیاں): پاکستان کو ٹسٹ کرکٹ میں عالمی نمبر ون بننے پر آئی سی سی کی جانب سے ٹسٹ ٹیم کے نمبر ون اعزاز ’گرز‘ سے نوازا گیا۔
ٹسٹ میں نمبر ون ٹیم بننے پر لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں سمیت بورڈ کے دیگر حکام نے شرکت کی، تقریب میں آئی سی سی چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈ سن نے ٹسٹ کی نمبر ون ٹیم بننے پر قومی ٹسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کو ٹسٹ کی نمبر ون ٹیم کی ٹرافی ' گرز'پیش کی۔اس موقع پر قومی ٹسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے آئی سی سی کی جانب سے نمبر ون ٹسٹ ٹیم کا اعزاز ملنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے 2010 سے تمام میچز ملک سے باہر کھیلے۔ ان کا کہنا تھا کہ کپتان اور لیڈر کھلاڑیوں کی کارکردگی کے بغیر کچھ نہیں کرسکتا، ہم نے ایک ٹیم بن کر کھیلا جس کا صلہ مل گیا ہے لیکن اب نمبر ون کی پوزیشن کو برقرار رکھنا ہمارے لیے چیلنج ہے۔

دوسری جانب چیف ایگزیکٹو آئی سی سی ڈیو رچرڈ سن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرکٹ سمیت بہترین بولنگ کا ٹیلنٹ موجود ہے جب کہ نمبر ون بننے کے لیے تسلسل لانا ہوتا ہے اور مصباح الحق کی ٹیم نے بہترین کارکردگی دکھائی۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کی خواہش ہے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہو لیکن پاکستان میں حالات بہتر نہیں لہذا امید ہے پاکستان میں جلد حالات بہترہوں گے۔