ویرو، شعلے اور سنیل گواسکر

Wed 13th Jul, 2016 Author: Cricketnmore Editorial

Gavaskar

انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سنیل گواسکر اور بالی وڈ کی معروف فلم ’شعلے‘ کے درمیان کیا کوئی مماثلت ہے؟

اس سوال کا جواب اگر جاننا ہے تو اسے انڈیا کے سابق اوپنر وریندر سہواگ کے اتوار کو کیے جانے والے ٹویٹس میں تلاش کریں۔

ویندر سہواگ نے انڈین کرکٹ کے سب سے کامیاب ٹیسٹ اوپنر گواسکر کو انتہائی دلچسپ انداز میں سالگرہ کی مبارک باد دی۔

سہواگ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا، ’اگر کرکٹ کوئی فلم ہو تو گواسکر شعلے ہیں۔‘

سہواگ نے لکھا ’گواسکر نے بغیر ہیلمیٹ کے جو کارنامہ سر انجام دیا، موجودہ دور میں ایسا کرنا بہت مشکل ہے۔‘ انڈیا کے سابق کرکٹر سنیل گواسکر نے 125 ٹیسٹ میچوں میں 34 سنچریوں کی مدد سے 10,122 رنز بنائے۔

سنیل گواسکر نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 13 سنچریوں کی مدد سے 2,749 رنز اس وقت بنائے جب دنیا کا ہر بیٹسمین ان کی بولنگ اٹیک سے خوف کھاتا تھا۔

گواسکر ٹیسٹ کرکٹ میں دس ہزار رنز بنانے والے پہلے بیٹسمین بنے جب کہ ٹیسٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا ریکارڈ بھی برسوں تک ان کے نام درج رہا۔ سچن تندولکر نے گواسکر کو سالگرہ کی مبارک باد دیتے ہوئے ٹوئٹر پر لکھا ’تمام سالوں تک مجھے حوصلہ افزائی کرنے کے لیے شکریہ۔‘

سنیل گواسکر نے 47 ٹیسٹ میچوں میں انڈیا کی کپتانی کی اور انڈیا کو نو ٹیسٹ میچوں میں فتح دلائی۔

گواسکر کی کپتانی میں انڈیا نے صرف آٹھ میچ ہارے۔